کاروار 3؍مئی (ایس اونیوز) انتخابات جیتنے کے لئے امیدوار نت نئے طریقے اپناتے ہیں۔ ماڈرن زمانے کی سہولتوں کو اپنے مفاد کے لئے استعمال کرنے میں اس مرتبہ انتخابی امیدوار بھی پیچھے نہیں ہیں۔لہٰذا اب بعض امیدواروں کی طرف سے آن لائن شاپنگ کے تحفے پیش کرنے کی بات سننے میں آئی ہے۔
ووٹ حاصل کرنے کے لئے ووٹروں کو گھریلو استعمال کی چیزیں اگر براہ راست فراہم کی جائیں تو یہ انتخابی ضابطۂ اخلاق کے خلاف بات ہوگی اور الیکشن کمیشن کی طرف سے اس کے خلاف کارروائی کا امکان ہے۔ اس کے پیش نظر اب کچھ امیدواروں نے ووٹروں کو یہ آفر دیا ہے کہ ان کی ضرورت کی چیزیں آن لائن کے ذریعے بک کریں۔جب یہ چیزیں ووٹروں کے گھر پر پہنچ جائیں گی تو اس کی قیمت امیدوار کی طرف سے اداکی جائے گی۔معلوم ہوا ہے کہ بہت سارے امیدوار اس طریقۂ کارکو اپناتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ضابطۂ اخلاق کوچکمہ دینے میں مصروف ہوگئے ہیں۔ اور اس کام کے لئے امیدواروں نے اپنے ایجنٹ اور دلال مقرر کررکھے ہیں، جو ووٹروں کو اس بات پر آمادہ کرتے ہیں کہ ایک ہزار روپے سے دو ہزار روپے تک مقررہ مالیت کی حد تک کی اپنی پسند اور ضرورت کی چیزیں وہ آن لائن شاپنگ کے ذریعے بک کروائیں اور اس کے بعد جب ووٹر کے گھرتک وہ مال پہنچ جائے گاتو اس کی قیمت امیدوار کی طرف سے اداکردی جائے گی۔اس دوران یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بہت سارے ووٹرس اس قسم کی پیش کش کو ٹھکرارہے ہیں اور ووٹ کے بدلے کسی بھی طرح کے تحفے قبول کرنے سے انکار کررہے ہیں۔